LIVE

لاہور میں نابینا افراد کا احتجاج دوسرے روزختم

ویب ڈیسک
January 12, 2016
 

لاہور ......لاہور میں نابینا افراد کا احتجاج دوسرے روزختم ہوگیا،پولیس نے کچھ مظاہرین کو زبردستی ویگنوں میں بھر کر ہوٹل بھجوا دیا اور کچھ اپنی مرضی سے سے چلے گئے۔

لاہور میں نابینا افراد نے میٹرو بس کے ٹریک پر دو روز سے جاری دھرنا ختم کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نابینا افراد کے تمام مطالبات منظورکرلیے گئےہیں، جمعے تک نوٹی فکیشن جاری کردیا جائےگا، تب تک نابینا افراد حکومت کے مہمان رہیں گے۔

نابینا افراد نے اپنے مطالبات کے حق میں دوسرے روز بھی کلمہ چوک میٹرو بس کے ٹریک پر دھرنا دیا، نابینا مظاہرین ڈیلی ویجرز کو مستقل اور خدمت کا رڈ کا وظیفہ بڑھا نے کا مطالبہ دہراتے رہے۔

ٹریک پر احتجاج کے باعث میٹروبس سروس کبھی معطل اورکبھی بحال ہوتی رہی، میٹروبس پر چلڈرن اسپتال آنے والے بچوں اور ان کے والدین کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔ ترجمان پنجاب حکومت زعیم قادری کا کہنا ہے کہ نابینا افراد کسی کی باتوں میں نہ آئیں، حکومت پر اعتبار کریں ۔

دوسری جانب شہر میں ہلکی بارش اورٹھنڈی ہواؤں سے نابینا افراد بھی ٹھٹھر گئے اور سردی دور کرنے کیلئے گرم انڈے کھانا شروع کردیئے۔