LIVE

عمران 3روز میں پیشکش کرنیوالے کا نام بتائیں، ترجمان پنجاب حکومت

ام فروا
April 28, 2017
 

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے کہا ہے کہ 3 دن کے اندر 10ارب روپے کی پیشکش کرنے والے شخص کا نام بتائیں ورنہ قانونی نوٹس جاری کریں گے۔

پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے،انہوں نے شہبازشریف پر بے بنیاد الزام لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین روز میں نام نہ بتایا تو عدالت سے رجوع کریں گے، عمران خان کے مطابق واقعہ ایک سال پرانا ہےتو انہوں نے عدالت میں اس کا ذکر کیوں نہ کیا، خاموش کیوں رہے؟

ملک محمد احمد خان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے مالاکنڈ میں علاقائی تعصب پھیلانے کی کوشش کی،4مئی کو پیپلز پارٹی لوڈشیڈنگ کے خلاف کیمپ ضرور لگائے مگر اس کا موازنہ وزیر اعلیٰ پنجاب سے نہ کرے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کےدور میں رینٹل پاور اسکینڈل سامنے آیا تھا جبکہ ہمارے ترقیاتی منصوبے شفاف ہیں۔