LIVE

جاپان میں اگنے لگی نایاب 'سفید' اسٹرابری

ویب ڈیسک
June 23, 2017
 

اسٹرابری کو آپ نے سرخ رنگ میں ہی دیکھا ہوگا لیکن جاپان میں نایاب سفید رنگ کی بھی اسٹرابری دستیاب ہے جو منفرد  ہونے کے ساتھ ساتھ قیمتی بھی ہے۔

جاپان کے شہری یوتیشو تیشما نے 4 سال قبل سفید اسٹرابری کی کاشت کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس کے بعد سے وہ مسلسل اس کی کاشت کر رہے ہیں اور اسے مارکیٹ میں فروخت بھی کر رہے ہیں۔

یونیشو تیشما کا فارم دنیا کا واحد باغ ہے جو سفید اسٹرابری کی کاشت کرتا ہے جو سرخ اسٹرابری کے مقابلے میں کافی بڑی ہے جب کہ ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے سفید اسٹرابری کی کاشت پر کئی سال لگائے جس کے لئے مختلف تیکنیک کا استعمال بھی کیا گیا۔

یونیشو تیشما کی اسٹرابری کو انمول ہونے کی وجہ سے قیمتی بھی ہے اور وہ اس کا ایک دانا 10 ڈالر میں فروخت کرتے ہیں جب کہ ایک پیکٹ کی قیمت 40 ڈالر ہے۔

تیشما کے مطابق سفید اسٹرابری باہر سے سفید ہونے کے ساتھ ساتھ اندر سے بھی سفید ہے اور ذائقے کے اعتبار سے سرخ اسٹرابری سے کئی گنا زیادہ ذائقے دار ہے۔

تیشما کا کہنا ہے کہ سفید اسٹرابری کی کاشت کا ایک راز یہ بھی ہے کہ جب یہ پودے میں لگنا شروع ہوں تو اسے دھوپ سے بچایا جائے کیوں کہ سورج کی روشنی اینٹی کانوین کی سطح کو کم کرتا ہے، اینٹی کانوین قدرتی کیمیکل ہے جو پھلوں اور سبزیوں کو رنگ دینے کا کام کرتا ہے۔

خیال رہے کہ جاپان میں عام طور پر لوگ خصوصی مواقعوں پر قیمتی اور انمول تحائف دینا پسند کرتے ہیں اور سفید اسٹرابری کو بھی کسی اور گفٹ کے مقابلے میں اسپیشل تصور کیا جاتا ہے۔