LIVE

روسی صدر نے ٹرمپ کی فتح کیلئے آپریشن کا حکم دیا، امریکی اخبار

ویب ڈیسک
June 24, 2017
 

ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ صدارتی انتخابات سے بہت پہلے ہی سی آئی اے کے علم میں تھا کہ روسی صدر نے ٹرمپ کو فتح دلانے کے لیے آپریشن کا حکم دیا ہے۔

اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ سی آئی اے کے پاس گزشتہ سال اگست میں ایسی انٹیلی جنس معلومات تھیں جن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ذاتی طور پر ایک آپریشن کا حکم دیا تھا جس کا مقصد صدر ٹرمپ کو امریکی انتخابات میں فتح دلانا تھا۔

اخبار کے مطابق اس حوالے سے اس وقت کی انتظامیہ کو آگاہ کردیا تھا مگر انتظامیہ نے انتخابات کے حوالے سے سخت ایکشن لینے کے بجائے صرف روسی صدر کو خبردار کیا اور اس پر مطمئن ہو کر بیٹھ گئے تھے۔

جب صدر ٹرمپ غیر متوقع طور پر صدر منتخب ہوگئے تو اس وقت انٹیلی جنس حکام نے افسوس کا اظہار کیا کہ انہیں اس بارے میں پہلے ہی سخت ایکشن لے لینا چاہئے تھا۔