LIVE

شلپا شیٹھی کے گارڈز کا صحافیوں پر تشدد

ویب ڈیسک
September 08, 2017
 

شلپا شیٹھی کی ان کے شوہر راج کے ہمراہ لڑائی سے چند لمحے قبل لی گئی تصویر — فوٹو:بشکریہ انڈین ایکسپریس

بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے سیکورٹی گارڈز نے بلا اجازت تصاویر اتارنے پر فوٹوگرافرز کی پٹائی کردی۔

90 کی دہائی میں فلمی دنیا پر راج کرنے والی اداکارہ شلپا شیٹھی ان دنوں فلمی دنیا سے دور ہیں لیکن چھوٹی اسکرین پر خاصی فعال ہیں اور کئی ڈانس شوز میں جج کے فرائض سر انجام دے چکی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ شلپا شیٹھی گزشتہ روز فیملی کے ہمراہ کھانا کھانے ممبئی کے مقامی ہوٹل پہنچیں جہاں ان کے سیکورٹی گارڈز نے فوٹوگرافرز کو ان کی تصاویر لینے سے منع کرتے ہوئے ہٹنے کا کہا۔

ڈنر کے بعد اداکارہ جب اپنی گاڑی میں بیٹھ رہی تھیں تو ان کے سیکورٹی گارڈز نے فوٹو گرافرز کی پٹائی شروع کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔

ہوٹل مالک کی شکایت پر پولیس پہنچی جہاں انہوں نے اداکارہ کے 2 گارڈز کو گرفتار کرلیا جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔