LIVE

سانحہ ماڈل ٹاؤن رپورٹ: حکومت کی انٹرا کورٹ اپیل پر 2 رکنی بینچ قائم

ویب ڈیسک
September 23, 2017
 

لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ منظر عام پر لانے کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل پر 2 رکنی بینچ تشکیل دے دیا۔

لاہورہائیکورٹ نے گزشتہ روز سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل رپورٹ منظر عام پر لانے کا حکم دیا تھا جس پر پنجاب حکومت نے جسٹس مظاہر نقوی کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی تھی اور عدالت نے پنجاب حکومت کی اپیل پر 2 رکنی بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

جیونیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس نے پنجاب حکومت کی انٹرا کورٹ پر اپیل پر 2 رکنی بینچ تشکیل دےدیا ہے جو جسٹس عبدالسمیع خان اور جسٹس شہباز رضوی پر مشتمل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد رپورٹ عام نہ کرنے پر پنجاب حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی ہے۔

جون 2014 میں لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پیش آنے والے واقعے میں پاکستان عوامی تحریک کے 14 کارکنان جاں بحق ہوئے تھے جس پر جسٹس باقر نجفی کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن نے انکوائری کی تھی تاہم اس انکوائری رپورٹ کو عام نہیں کیا گیا۔