LIVE

کراچی میں کینٹ اسٹیشن سے داعش کا مبینہ دہشتگرد گرفتار

امین انور,طلحہ ہاشمی
September 28, 2017
 

کراچی: ایف آئی اے کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے کینٹ اسٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے داعش سے وابستہ مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

جیونیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ نے پہلی کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ روز کراچی میں کینٹ اسٹیشن سے داعش سے وابستہ مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کرلیا ہے۔

دہشت گرد کی شناخت خلیل الرحمان کے نام سے ہوئی ہے جو شہریوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے داعش میں بھرتی کرتا تھا اور مختلف کالعدم تنظیموں کے 50 سے زائد فیس بک پیج بھی چلا رہا تھا، ان پیجز پر نفرت انگیز مواد سمیت دیگر چیزیں لوڈ کرتا تھا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق دہشت گرد کا تعلق اندرون سندھ سے ہے، اس کے قبضے سے 2 موبائل فون، کالعدم داعش کے 2 جھنڈے اور دیگر سامان برآمد ہوا ہے جب کہ موبائل فون کو فارنزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ دہشت گرد کے خلاف اسلام آباد میں واقع کاؤنٹر ٹیررازم ونگ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملزم کو کراچی کی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ایف آئی اے حکام نے تفتیش کے لیے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے ملزم کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے اسے ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔