LIVE

ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے محمد انعام کا گولڈ میڈل

فیضان لاکھانی
October 16, 2017
 

انقرہ: ترکی میں کھیلی جانے والی ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ میں محمد انعام نے پاکستان کیلئے ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا ہے، یہ ایونٹ میں پاکستان کا دوسرا میڈل ہے۔

محمد انعام نے اتوار کو سینئرز فری اسٹائل کیٹیگری میں 90 کلو گرام کے مقابلوں کے فائنل میں ایرانی ریسلر پیجمان فضل اللہ ناگراچی کو دو۔ ایک کے اسکور سے زیر کرکے طلائی تمغہ حاصل کیا۔

اس سے قبل انعام نے ان مقابلوں میں یونان کے پاولیدس تھیوڈوسیاس کو سیمی فائنل اور پیٹرادس کرسٹوس کو کوارٹر فائنل میں شکست دی تھی، پری کوارٹر فآئنل میں انعام نے میکسیکو کے ریسلر کوئنتانا اورازکو کو زیر کیا تھا۔

ایونٹ میں پاکستان کے عنایت اللہ نے بھی گولڈ میڈل جیتا تھا، عنایت نے کیڈیٹ کیٹیگری میں طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

یہ انعام کے کیرئیر کا چوتھا انٹرنیشنل گولڈ میڈل ہے، اس سے قبل انعام 2010 میں کامن ویلتھ گیمز جبکہ 2016 میں ساؤتھ ایشین گیمز اور ایشین بیچ گیمز میں بھی پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیت چکے ہیں ۔

پاکستان ریسلینگ فیڈریشن نے ایونٹ میں قومی ریلسرز کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کھلاڑیوں اور کوچز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے ۔