LIVE

ڈیرن سیمی پی ایس ایل 3 کے لئے بے تاب، پشتو میں ٹوئٹ کردیا

ویب ڈیسک
November 09, 2017
 

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق اور پشاور زلمی کے موجودہ کپتان ڈیرن سیمی پاکستان سپر لیگ کے لئے بے چین ہیں اور ان کی بے چینی کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے خود ہی پی ایس ایل کی ڈرافٹنگ کا سوال کرلیا ہے۔

ڈیرن سیمی اپنے انداز اور چلبلی حرکتوں کی وجہ سے مقبول ہیں اور پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن کے دوران بھی انہوں نے بھرپور رنگ جمایا اور ایک مرتبہ پھر وہ رنگ جمانے کے لئے بے تاب ہیں۔

سیمی نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے پی ایس ایل تھری کی ڈرافٹ سے متعلق سوال کیا۔

سیمی کے ٹوئٹ کی خاص بات ہے کہ انہوں ٹوئٹ انگریزی میں نہیں بلکہ پشتو زبان میں کی اور ان کی پشتو زبان پر عبور دیکھ کر مداح حیران رہ گئے ہیں۔

سیمی نے اپنی ڈیم پشاور زلمی کو سلام کیا ( پخیرونا زلمے) جس کے بعد انہوں نے ٹیم کا حال پوچھا ( سنگے آئے تاسو)، سیمی نے امید کا اظہار کیا کہ زلمی سے تعلق رکھنے والے تمام افراد خیریت سے ہوں گے (امید ارام چے تاسو با ٹول روگ جوڑ دے)۔

سیمی نے پی ایس ایل تھری کے حوالے سے پوچھا کہ ڈرافٹنگ کے حوالے سے کیا چل رہا ہے، انہیں بھی اس حوالے سے آگاہ کیا جائے۔ ( سنگا چل دے، پی ایس ایل 3 بارا کے موسا خیال دے)۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کی ٹوئٹ پر جواب دیا جس میں کہا کہ وہ پہلے ہی پاکستانیوں کے دل جیت چکے ہیں۔

جاوید آفریدی نے لکھا کہ ڈیرن سیمی کو جلد پاکستان میں کھیلتے ہوئے دیکھیں گے اور اس مرتبہ پشاور زلمی پہلے نمبر پر ہوگی۔