LIVE

پشاور: سندھ سے چوری گاڑی کے استعمال کے الزام پر ڈی ایس پی سی ٹی ڈی معطل

ابوبکرصدیق
April 27, 2024
 

الزامات ثابت ہونے کے بعد متعلقہ افسرکوسندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا: پشاور پولیس/ فوٹو سوشل میڈیا

پشاور: سندھ سے چوری ہونے والی گاڑی استعمال کرنے کے الزام میں ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کو معطل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق سندھ پولیس کا گاڑی کی برآمدگی او ڈی ایس پی کی گرفتاری کے لیے پشاورپولیس سے رابطہ کرلیا ہے جب کہ سی ٹی ڈی نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے، تفتیش مکمل ہونے تک متعلقہ ڈی ایس پی کو معطل کردیا گیا ہے۔

پشاور پولیس نے بتایا کہ سندھ سے چوری کی گاڑی سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی کے پاس دیکھی گئی، الزامات ثابت ہونے کے بعد متعلقہ افسرکوسندھ پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے معطل ڈی ایس پی نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، بغیر انکوائری مجھے معطل کرنے پر ہائیکورٹ میں رٹ دائر کروں گا۔

متعلقہ ڈی ایس پی کا کہنا تھا کہ میرے پاس رینٹ کی گاڑی تھی چوری کی نہیں ہے، من گھڑت الزامات عائد کرنے پر سندھ پولیس کے خلاف بھی عدالت جاؤں گا۔