LIVE

تنزانیہ میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 11 ہلاک

ویب ڈیسک
November 15, 2017
 

فائل فوٹو

افریقی ملک تنزانیہ میں سفاری کمپنی کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق کوسٹل ایوی ایشن کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ان کا ایک سفاری طیارہ شمالی تنزانیہ میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک پائلٹ اور 10 مسافر ہلاک ہوگئے۔

کمپنی کے مطابق تباہ ہونے والا طیارہ سیسنا کاراوان تھا جو ایمپاکائی کریٹر کے علاقے میں گرکر تباہ ہوا۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اور ان کے اہل خانہ کو اس افسوس ناک واقعے سے مطلع کردیا گیا ہے۔

کوسٹل ایوی ایشن کے منیجنگ ڈائریکٹر جولیان ایڈمنڈز کا کہنا ہے کہ ہمیں اس حادثے کا شدید صدمہ ہے، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ہمیں اپنے طیاروں اور عملے پر پورا بھروسہ ہے۔