LIVE

پہلی بار جمہوریت اپنے خلاف سازشوں کو شکست دے رہی ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک
November 21, 2017
 

پیپلزپارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی میں نااہل شخص کو پارٹی سربراہی سے روکنے کے لیے پیش کیا گیا الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2017 مسترد ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ کو سلام پیش کیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ ’’ یہ عوام کا فیصلہ ہے، جمہوریت زخموں سے چور ہوکر بھی پہلی بار سازشوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہے، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، یہ مستقبل کی نوید ہے‘‘۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ’’ ایک شخص کو سب ملکر مائنس کرنا چاہتے تھے لیکن نہ کرسکے کیونکہ وہ ایک شخص نہیں تھا، نظریے کو مائنس نہیں کیا جا سکتا‘‘۔

مریم نواز نے کہا کہ وہ ہر قسم کے دباؤ اور دھمکیوں کو برداشت کرکے نوازشریف کے ساتھ ثابت قدم رہنے والوں کو سلام پیش کرتی ہیں، پاکستان میں پہلی بار جمہوریت اپنے خلاف سازشوں کو پے درپے شکست دے رہی ہے۔

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’’تم نے سوچا تھا نواز شریف کو پارلیمنٹ سے نکالو گے، مسلم لیگ (ن) کا ہر رکن پارلیمنٹ نواز شریف بن گیا۔‘‘