LIVE

سرفراز فواد عالم کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے پرامید

فیضان لاکھانی
November 28, 2017
 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں مختلف کنڈیشنز ہوں گی لیکن امید ہے کہ ٹیم فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھے گی، جلد ہی ٹیسٹ ٹیم بھی فتح کی راہ پر گامزن ہوجائے گی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ ٹیم کیلئے امتحان ہوگا جہاں بھرپور تیاری سے جائیں گے اور اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

قومی کپتان کا کہنا تھا کہ روانگی سے قبل پاکستان میں بھی کیمپ لگے گا اور ٹیم آٹھ دس دن پہلے نیوزی لینڈ پہنچے گی جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو کنڈیشنز کے حساب سے تیاری کا موقع مل جائے ۔

جب سرفراز سے فواد عالم کے بارے میں سوال ہوا تو انہوں نے کہا کہ "اللہ کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں" سلیکٹرز فواد عالم کی پرفارمنس دیکھ رہے ہیں امید ہے وہ جلد ٹیم میں ہوں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے یہ بھی کہا کہ کامران اکمل کی کارکردگی ان کیلئے خطرہ نہیں، اگر وہ کامران اکمل سے خطرہ محسوس کرتے تو پہلے بھی کامران کو ٹیم میں نہیں لیتے، یہ پاکستان کی ٹیم ہے جو پرفارم کرے گا وہ ٹیم سے کھیلے گا۔

سرفراز احمد نے مزید کہا کہ یونس اور مصباح کے بغیر ٹیسٹ ٹیم کو سیٹ ہونے میں وقت لگے گا لیکن ٹیسٹ ٹیم بھی وننگ ٹریک پر آجائے گی۔