LIVE

ایم کیو ایم کا ہنگامی اجلاس، اندرونی اختلافات پربات چیت

ویب ڈیسک
December 17, 2017
 

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پارٹی اختلافات دور کرنے کے لئے رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ایم کیوایم پاکستان میں اندرونی اختلافات پربات چیت کی گئی۔

ذرائع نے کہا کہ ایم کیو ایم قیادت کا موقف ہے کہ باہمی اختلافات کے ساتھ انتخابی مہم نہیں چلائی جاسکتی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ فاروق ستار اور ڈپٹی کنوینر عامرخان کے درمیان اختلافات ہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں کامران ٹیسوری کی جانب سے اختلافات کے باعث پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ سامنے آیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے خود ہی پارٹی سے علیحدگی کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے پارٹی میں اختلافات کی تصدیق کی تھی۔

ایم کیو ایم کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے گزشتہ دنوں پارٹی چھوڑ کر دوسری جماعتوں میں شامل ہونے والے 11 ارکان اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا ریفرنس الیکشن کمیشن میں جمع کرایا تھا۔

فاروق ستار کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر ریفرنس میں 2 قومی اور 9 صوبائی اسمبلی کے ارکان شامل ہیں جن میں رکن قومی اسمبلی آصف حسنین اور سلمان بلوچ بھی شامل ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی، شیخ عبداللہ، خالد بن ولایت، ارتضیٰ خلیل، ندیم راضی، عبدالرزاق، عارف مسیح اور بلقیس مختیار کی نااہلی کا ریفرنس دائر کیا ہے۔