LIVE

اورنج لائن میٹرو کے ٹریک پر ٹرین آزمائشی طور پر چل پڑی

ہدیٰ اکرام
February 26, 2018
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


لاہور میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور شہر کے اہم ترین منصوبے اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ٹریک پر ٹرین آزمائشی طور پر چل پڑی۔

لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پروجیکٹ جو کئی ماہ تاخیر سے دوبارہ شروع ہوا لیکن اب یہ آزمائشی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، ڈیرہ گجراں میں ڈپو کے اندر سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد یہاں پر بچھائی گئی پٹری پر ٹرین نے آزمائشی سفر بھی شروع کردیا۔

میٹرو ٹرین پروجیکٹ کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے سربراہ خواجہ احمد حسان نے مختلف مقامات پر منصوبے کا دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مزید 4 ٹرین سیٹ لاہور پہنچنے کے بعد ان کی تعداد 15 ہو گئی ہے، میٹرو ڈپو سے پاکستان منٹ تک 5 اسٹیشنوں کے درمیان پٹری بچھالی گئی ہے۔

خواجہ احمد حسان کے مطابق شالامار باغ کے قریب ٹریک کی تعمیر بھی جلد مکمل ہو جائے گی جبکہ ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک 12کلومیٹرٹریک رواں ہفتے مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک ڈرین کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے، ڈیرہ گجراں میں ڈپو کی اندرونی سڑکوں کی تعمیر بھی مکمل کر لی گئی ہے اوریہاں پٹری پر آزمائشی طور پر ٹرین چلانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کی اور منصوبے کی تعریف کی۔

انہوں نے اس منصوبے کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی تعریف کی اور کہا کہ ’’ایک بار پھر ہمیں آپ پر فخر ہے‘‘۔