LIVE

کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرز پر حملہ، ایک اہلکار شہید

افضل ندیم ڈوگر
March 13, 2018
 

کراچی اولڈ سٹی کے علاقے لیاری میں گینگ وار دہشت گردوں کی فائرنگ سے رینجرز کا ایک اہلکار شہید اور چار زخمی ہوگئے جبکہ رینجرز کی جوابی فائرنگ سے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

‎ترجمان رینجرز کے مطابق ذکری پاڑہ لیاری میں گشت ‎کے دوران دہشت گردوں نے رینجرز کی گاڑی پر گرینیڈ اور خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔

حملے کے نتیجے میں رینجرز کا ایک سپاہی شہید اور 4 زخمی ہوگئے جبکہ رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد مارا گیا۔

بعدازاں رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا، جس کے دوران ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں مزید 4 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ ان کے قبضے سے 4 کلاشنکوف دستی بم، 3 آوان بم، ایک نائن ایم ایم پستول اور میگزینز بھی برآمد ہوئے۔

ملزمان کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔