LIVE

پاکستان میں تمباکو نوشی سے سالانہ ایک لاکھ 60 ہزار اموات: رپورٹ

ویب ڈیسک
March 20, 2018
 

سگریٹ نوشی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے اور اس کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی سطح پر اقدامات کیے جاتے ہیں لیکن اس کے باوجود سگریٹ نوشی کی لت سالانہ ہزاروں افراد کی جان لے لیتی ہے۔

دنیا بھر میں سگریٹ نوشی کی روک تھام کے لیے کام کرنے والے ادارے ’ٹوبیکو ایٹلس‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سگریٹ نوشی سے سالانہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد اموات ہورہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سگریٹ نوشی کی شرح میں کمی پائی گئی ہے لیکن اس سے اموات اور بیماریوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

پاکستان میں تمباکونوشی سیکٹر پر ٹیکس ڈبلیو ایچ او کی ہدایت کے مطابق نہیں

امریکن کینسر سوسائٹی اور وائٹل اسٹریٹیجی کی مشترکہ تحقیق کی بناء پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ تمباکو نوشی ایک وبائی مرض ہے جو انتہائی خطرناک ہے۔

رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں تمباکو سیکٹر پر ٹیکسز عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق نہیں ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق سگریٹ پر ٹیکسز کی شرح 70 فیصد لازمی ہے لیکن پاکستان میں سگریٹ کی ڈبی پر ٹیکسز کی شرح 45 فیصد درج ہے یعنی پاکستان میں سگریٹ کی ایک ڈبے پر صرف 16 روپے ٹیکس ہے جب کہ عالمی ادارہ صحت کے مطابق سگریٹ کی ہر ڈبے پر 40 روپے ٹیکس ضروری ہے۔

وزارت صحت کا مؤقف

دوسری جانب وزارت صحت حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کوتمباکو سیکٹر پر ٹیکسز بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے لیکن ایف بی آر تجاویز پر عمل درآمد نہیں کر رہا۔

وزارت صحت کے حکام کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں سگریٹ سستی ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے لیکن گزشتہ برس کےمقابلے میں سگریٹس کی پیداوار میں 70 فیصد اضافہ بھی ہوا ہے۔