LIVE

رواں سال پہلے سے بھی زیادہ گرمی کی پیشگوئی

ویب ڈیسک
March 28, 2018
 

کراچی: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں سال ملک بھر میں گرمی پہلے سے زیادہ شدید ہوگی۔

ڈی جی میٹ غلام رسول نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ملک میں اپریل اور مئی میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور یہ مہینے معمول سے زیادہ خشک اور گرم ہوں گے جبکہ اس دوران درجہ حرارت میں معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ اضافہ رہے گا۔

ڈی جی میٹ نے بتایا کہ تربیلا اور منگلا ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہے اور تیز بارشوں سے ان ڈیمز میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں تیز بارشوں کا کوئی امکان نہیں۔

ڈی جی میٹ غلام رسول کا کہنا تھا کہ آئندہ 2 ماہ میں جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت 45 ڈگری سنٹی گریڈ سے بھی بڑھ جائے گا، اندرون سندھ کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری تک جائے گا جبکہ کراچی میں آج درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی بڑھ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں گذشتہ کچھ دنوں سے گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

شہر قائد میں گذشتہ 3، 4 روز کے دوران سمندری ہوائیں نہ چلنے کے باعث گرمی کا زور بڑھا اور پارہ 38 سے 40 ڈگری تک جاپہنچا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی گرمی کی شدید لہر برقرار ہے اور شہر میں سمندری ہوائیں رکنے سے پارہ 40  ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔

گرم موسم کے لیے ضروری ہدایات:

اگر فضا میں ہوا نہ ہو تو شہری لو لگنے، ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کا شکار ہوسکتے ہیں۔

ہیٹ اسٹروک اُس وقت ہوتا ہے جب انسانی جسم اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے کے لیے تیزی سے پسینہ خارج کرتا ہے تاکہ جسم کو باہر سے ٹھنڈک پہنچائی جاسکے۔

تاہم پسینے کے اخراج کی صورت میں پیدا ہونے والی پانی کی اندرونی کمی کو اگر فوراً پورا نہ کیا جائے تو پانی اور نمکیات کی کمی کے باعث جسم کا قدرتی کولنگ سسٹم ناکارہ ہوجاتا ہے اور انسان تھکاوٹ، سرسام یا لو لگ جانے جیسے جان لیوا امراض کا شکار ہوسکتا ہے۔

ان مہلک بیماریوں سے بچنے کےلیے طبی ماہرین کا مشورہ ہے کہ: