LIVE

مسلمان ہونے کے باعث ممبئی میں گھر نہیں مل رہا: بھارتی اداکارہ

ویب ڈیسک
April 06, 2018
 

فوٹو: بشکریہ فیس بک اکاؤنٹ 

بھارت کی مشہور ٹی وی اداکارہ شیریں مرزا نے مسلمان ہونے کے باعث ممبئی میں گھر نہ ملنے کا شکوہ کیا ہے۔

خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ملک قرار دینے والے بھارت میں انتہا پسند تنظیم بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم نریندر مودی کے موجودہ دور حکومت میں اقلیتیوں خاص طور پر مسلمانوں کو نفرت انگیز واقعات کا سامنا ہے۔

بھارتی شوبز انڈسٹری کو اگرچہ روشن خیال تصور کیا جاتا ہے مگر اب بھی کئی فلم و ٹی وی سے تعلق رکھنے والی کئی شخصیات کو گھر حاصل کرنے میں شدید مسائل کا سامنا ہے۔

چند سال قبل نامور بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر معروف لکھاری جاوید اختر مسلمان ہونے کے باعث ممبئی میں گھر نہ ملنے کا شکوہ کرچکے ہیں۔

لیکن اب بھارتی شہر جے پور سے تعلق رکھنے والی ٹی وی اداکارہ شیریں مرزا نے بھی ایسا ہی شکوہ کیا ہے۔

شیریں مرزا کے مطابق وہ ٹی وی سیریل میں کام کرنے کے باعث ممبئی میں گھر کی تلاش میں تھیں لیکن انہیں مسلمان ہونے کے باعث فلم سٹی میں اب تک گھر نہیں ملا۔

اداکارہ نے گھر نہ ملنے کا انکشاف اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں کیا جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ مسلمان، اداکارہ اور اکیلے ہونے کے ناطے اب تک انہیں ممبئی میں گھر نہیں ملا ہے۔


انہوں نے کہا کہ ’’میں ممبئی میں 8 سال سے ہوں اور اب مجھے اس پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیوں کہ میں مسلمان ہوں اور اداکارہ ہوں جب کہ میں سگریٹ یا شراب نہیں پیتی ہوں اور میرا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی نہیں ہے لہذا ایسے میں کوئی بھی مکان مالک میرے پیشے کی بنیاد پر اخلاق کا کیسے جائزہ لے سکتے ہیں۔‘‘

شیریں نے بتایا کہ ’’میں نے ایک شخص کو فون کیا جنہوں نے پوچھا کہ میں ہندو ہوں یا مسلم، بعد میں جواب دیا کہ وہ مسلمانوں کو کرائے پر مکان نہیں دیتے ہیں۔‘‘

یاد رہے کہ اس سے قبل عمران ہاشمی نے بھی مسلمان ہونے کے باعث باندرہ میں گھر کے لیے این او سی نہ ملنے کا اعتراف کیا تھا۔

اداکارہ شیریں مرزا ٹی وی ڈرامہ ’یہ ہے محبتیں‘، ’ڈھائی کلو پریم‘ سمیت کئی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔