LIVE

سورج میں سوراخ کے باعث شمسی طوفان کی پیشگوئی

ویب ڈیسک
May 05, 2018
 

ماہرین کے مطابق سورج کا سوراخ والا حصہ زمین کی طرف گردش کر رہا ہے—.فائل فوٹو

ناسا سمیت مختلف عالمی سائنسی اداروں نے پیش گوئی کی ہے کہ سورج میں سوراخ ہونے کے باعث 6 مئی کو شمسی طوفان کا خطرہ ہے۔

سائنسی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ شمسی طوفان، سورج میں سوراخ ہوجانے کے باعث رونما ہوسکتا ہے جب کہ سورج کا سوراخ والا حصہ زمین کی طرف گردش کر رہا ہے۔

امریکی خلائی ادارہ ناسا کے مطابق شمسی طوفان، جسے جیو میگنیٹک طوفان (Geomagnetic Storm) بھی کہتے ہیں، کی مقناطیسی لہروں سے جزوی تکنیکی بلیک آؤٹ ہوسکتا ہے جبکہ فلائٹس اور سیٹلائٹ آپریشن بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ناسا نے خبردار کیا ہے کہ زمینی مقناطیسی فیلڈ متاثر ہونے سے بجلی کے ترسیلی نظام پر بھی اثر پڑے گا، جس سے پاور اسٹیشنز متاثر اور بجلی کی فراہمی منقطع ہوسکتی ہے۔

نیشنل اوشیئن ایٹموسفرک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) کے مطابق طوفان شمالی اور جنوبی روشنی کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔

شمسی طوفان کو 5 درجہ بندی یعنی G1 سے G5 تک میں تقسیم کیا گیا ہے، ان میں سے چار معمولی نوعیت کے ہوں گے جب کہ G5 کے خطرناک ثابت ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔






دوسری جانب خلائی ادارے اسپیس ویدر پریڈکشن سینٹر نے اپنی ویب سائٹ پر 6 اور 7 مئی کو جیو میگنیٹک طوفان کے G1 ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔