LIVE

کراچی میں کل سے شدید گرمی کی پیشگوئی، پارہ 41 ڈگری تک ہونے کا امکان

ویب ڈیسک
May 16, 2018
 

شہر میں سمندری ہوائیں بند ہونے کا امکان ہے: ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات_ فوٹو/ فائل

کراچی: محکمہ موسمیات نے کل سے شہر میں شدید گرمی کی پیشگوئی کرتے ہوئے 15 جون تک موسم گرم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

رمضان المبارک کی آمد سے قبل شہر میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے اور محکمہ موسمیات نے ماہ صیام کے پہلے ہفتے کے شدید گرم ہونے کی بھی پیشگوئی کردی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عبدالرشید کے مطابق کراچی میں کل سے سمندری ہوائیں بند ہونے کا امکان ہے، شمال مغربی علاقوں سے گرم اور خشک ہوائیں موسم مزید گرم کردیں گی۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو سکتا ہے اور آئندہ ہفتے جمعرات تک گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، اس طرح رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہوگا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کےمطابق 15 جون تک موسم گرم رہے گا، 15 جون کے بعد صبح و شام بوندا باندی شروع ہوجائے گی۔