LIVE

ریحام کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا تماشہ اپوزیشن کو گرانے کیلئے رچایا گیا، فواد چوہدری

ویب ڈیسک
June 02, 2018
 

ریحام خان نے مریم نواز سے ملاقات کی جس کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا، فواد چوہدری۔ فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ریحام خان کی کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا ڈرامہ حقیقی اپوزیشن کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔

فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ریحام خان کی ملاقاتوں کے سارے ثبوت مل گئے ہیں کہ ریحام کب، کہاں، کس سے اور کس کے ذریعے ملیں، ساری کہانی سامنے آ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریحام خان نے مریم نواز سے ملاقات کی جس کا اہتمام احسن اقبال نے کروایا۔

انہوں نے کہا کہ ریحام خان کی مریم نواز سے ملاقات کے ناقابل تردید شواہد نے ساری سازش کا پول کھول دیا ہے کہ کتاب کی تصنیف و اشاعت کا سارا تماشہ حقیقی حزب اختلاف کو گرانے کے لیے رچایا گیا۔






ریحام خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اگر ان کے پاس میرے خلاف ثبوت ہیں تو انہیں آگے لے کر جائیں لیکن وہ نہیں لے کر جائیں گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میں انہیں بے بنیاد الزامات پر ضرور عدالت میں لے کر جاؤں گی۔

بلال عظمت نامی صارف نے ٹوئٹر پر تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے جاری کی گئی ای میلز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں صحیح اسپیلنگ کے ساتھ جھوٹی دستاویزات لکھنے والے کمپوزر کی ضرورت ہے۔

بلال نے مزید لکھا کہ برائے مہربانی کوئی کوئی بھی ہو میری میڈیم کا نام تو ٹھیک لکھیں، ان کا نام ریحام خان ہے خام نہیں۔