LIVE

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں بس ہوسٹس کے قتل کا نوٹس لے لیا

ویب ڈیسک
June 17, 2018
 

— فوٹو: فائل 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے فیصل آباد میں بس ہوسٹس کے قتل کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

گزشتہ دنوں فیصل آباد میں بس ہوسٹس کو شادی سے انکار پر سیکیورٹی گارڈ نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ 

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کلیم امام  سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ نے مقتولہ مہوش کے خاندان کو ہر قیمت پر انصاف دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے عید کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منڈی بہاء الدین پہنچے جہاں انہوں نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر مریضوں میں تحائف تقسیم کیے اور عید کی مبارک باد بھی دی۔ 

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر سے اسپتالوں سے متعلق شکایات مل رہی ہیں اور پنجاب کے تمام اسپتالوں کو چیک کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کے پاس دورانیہ کم ہے، ڈسٹرکٹ اسپتال کی عمارت میں فنڈنگ کی کمی پوری کی جائے گی لیکن جہاں ممکن ہے وہاں سہولیات بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کا بنیادی کردار شفاف الیکشن ہے لہذا الیکشن کمیشن کے فریم ورک میں رہ کر کام کرنا ہے۔