LIVE

سیف علی خان نے بیٹے تیمور کو ’غنڈہ‘ قرار دے دیا

ویب ڈیسک
June 25, 2018
 

چھوٹے نواب بھی ننھے تیمور کی وجہ سے پریشان رہنے لگے ہیں جس کا انہوں نے برملا اظہار کیا ہے — فوٹو: فائل 

بالی وڈ اداکار سیف علی خان نے اپنے بیٹے تیمور علی خان کو غنڈہ قرار دے دیا۔

سیف علی خان اور کرینہ کپور کے صاحبزادے تیمور علی خان پیدائش کے بعد سے ہی شہ سرخیوں میں ہیں۔

تیمور علی خان کی شہرت اب اپنے والدین سے زیادہ ہے ، یہی وجہ ہے کہ میڈیا کے کیمرے ان کا پیچھا کرتے رہتے ہیں جس سے ان کے گھر والے خصوصاً دادی پریشان ہیں۔

تیمور علی خان کی عمر جیسے جیسے بڑھتی جارہی ہے تو ان کی شرارتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے اور اسی وجہ سے ان کے پاپا سیف علی خان پریشان بھی ہیں۔

اپنے انٹرویو میں چھوٹے نواب سیف علی خان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن سوہا علی خان کی بیٹی انایا اور تیمور گھر میں اکثر ایک ساتھ کھیلتے ہیں، انایا چھوٹی اور نازک سی ہے لیکن تیمور بہت زیادہ شرارتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب دونوں گھر میں ایک ساتھ کھیل رہے ہوتے ہیں تو ان کے آس پاس لوگ موجود ہوتے ہیں، لیکن تیمور غنڈہ ہے اور اس کی جانب سے انایا کے بال کھینچنے کا ڈر ہمیشہ ہی لگا رہتا ہے۔

سیف نے امید کا اظہار کیا کہ تیمور آئندہ انایا کے بال نہیں نوچے گا۔

یاد رہے کہ تیمور کی پھوپھی سوہا علی خان بھی اپنے انٹرویو میں اس کی شرارتوں کا پردہ فاش کرچکی ہیں اور امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ دونوں کزنز مستقبل میں اچھے دوست بنیں گے۔