LIVE

کینیڈا میں سیلفی نہ بنوانے پر سلمان خان کے مداح کی کترینہ سے بدتمیزی

ویب ڈیسک
July 11, 2018
 

مداحوں نے ان کے ساتھ تصویریں بنانے کی ضد کی لیکن اداکارہ نے انکار کیا جس پر مداحوں نے ان پر جملے کسے  — فوٹو: فائل 

بالی وڈ اداکارہ کترینہ کیف کو کینیڈا میں مداحوں کے ساتھ سیلفی نہ بنانا مہنگا پڑگیا۔

کترینہ کیف ان دنوں سلمان خان کے ساتھ ’دبنگ ٹورز‘ پر کینیڈا میں موجود ہیں جہاں انہیں کئی شوز میں پرفارم کرنا ہے۔

اداکارہ کی ٹورنٹو کی سڑکوں پر گھومنے کی ویڈیو سوشل میڈیا میں زیر گردش ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان کے مداح اپنے ساتھ تصویر نہ بنوانے پر کترینہ کیف سے بدتمیزی کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کترینہ کیف کینیڈا میں شاپنگ کرکے واپس روانہ ہونے کے لیے گاڑی کی طرف جانے لگیں تو وہاں موجود مداحوں نے ان کے ساتھ تصویریں بنانے کی ضد کی تاہم اداکارہ نے انکار کردیا۔

مداحوں کو کترینہ کیف کا انکار پسند نہیں آیا تو انہوں نے ان پر جملے کسنا شروع کردیے اور کہا کہ ’ہم سلمان خان کے مداح ہیں اور انہیں دیکھنے کے لیے یہاں آئے ہیں‘۔

ان لوگوں نے کترینہ کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اداکارہ کو اپنا رویہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔

اس جملے بازی پر کترینہ غصے میں آگئیں اور رک کر مداحوں کو جواب دینے لگیں۔ کترینہ نے کہا کہ وہ بہت زیادہ تھکی ہوئی ہیں اس لیے سب کے ساتھ تصویر نہیں بناسکتیں۔

اس دوران کئی اور مداح ان کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے تاہم بعض مداحوں نے ان کے ساتھ تصویریں بنانے سے انکار کیا۔

کترینہ کے ساتھ ہوئی بدتمیزی پر سلمان خان نے خاموشی اختیار کررکھی ہے، اب دیکھنا ہے کہ سلو میاں کب اس واقعے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ سلمان خان کے ’دبنگ ٹورز‘ میں سوناکشی سنہا، کترینہ کیف، جیکولین فرنینڈس، ڈیزی شاہ سمیت کئی اداکار شامل ہیں جنہوں نے پہلے امریکا کے کئی شہروں میں شوز کیے اور اب کینیڈا میں پرفارم کررہے ہیں۔