LIVE

‘طیفا اِن ٹربل‘ کی ریلیز سے ایک دن قبل شاندار پریمیئر

نادیہ فیصل
July 20, 2018
 


مایہ ناز اداکار علی ظفر اور مایہ علی کی فلم ‘طیفا اِن ٹربل‘ کا پریمیئر کراچی میں جمعرات کے روز ہوا جو کہ ایک روز بعد باضابطہ طور پر ریلیز کی جائے گی۔

مداحوں کا انتظار اب بس ختم ہونے جارہا ہے کیوں کہ ‘طیفا اِن ٹربل‘ 20 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بننے جارہی ہے۔

اس موقع پر علی ظفر نے کہا کہ اتنا خوش ہوں کہ ’بیان نہیں کرسکتا، آپ لوگوں نے فلم ریلیز ہونے سے پہلے ہی ہٹ کروادی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ فلم یہ سوچ کر بنائی گئی تھی کہ پاکستان کی پہلی بین الاقوامی معیار کی فلم بنائی جائے جو پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کردے۔

علی ظفر نے بتایا کہ یہ پہلی پاکستانی فلم ہے جو 25 ممالک میں ریلیز کی گئی ہے، ان 25 میں سے 15-16 ممالک ایسے ہیں جن میں کوئی پاکستانی فلم ریلیز نہیں کی گئی۔

فلم ڈائریکٹر احسن رحیم کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب وہ انڈسٹری میں نئے تھے اور کوئی ان ویڈیو بنانے کو تیار نہیں تھا تو احسن رحیم نے گانا ’چھنو‘ کی ویڈیو بنائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ ان کی پہلی فلم احسن رحیم بنائیں، یہ ان کا خواب تھا جو پورا ہوگیا۔

علی ظفر نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ سینما آئیں اور فلم دیکھیں۔


فلم کی اداکارہ مایہ علی نے کہا کہ علی ظفر کے ساتھ کام کرکے بہت اچھا لگا اور وہ ایک فیملی ممبر کی طرح ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احسن رحیم کے ساتھ کام کرنے کا ان کا تجربہ بہت اچھا رہا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 20 جولائی کو سینما جاکر ‘طیفا اِن ٹربل‘ ضرور دیکھیں کیوں کہ اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو بہت کچھ مِس کرنے والے ہیں۔