LIVE

ہمیں کنڈیشن کی نہیں میچوں کے نتائج کی فکر ہے: روہت شرما

عبدالماجد بھٹی
September 17, 2018
 

ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں دفاعی چیمپئن اور چھ بار کی سابق چیمپئن بھارتی کرکٹ ٹیم اپنی مہم کا آغاز منگل کو دبئی اسٹیڈیم میں ہانگ کانگ کی کمزور ٹیم کے خلاف کررہی ہے۔

ہانگ کانگ کے میچ سے قبل پیر کو دبئی میں پریس کرتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا ہے کہ دبئی کا موسم گرم ہے اور میچوں کے دوران کنڈیشن بھی مشکل ہیں لیکن ہمیں کنڈیشن کی نہیں میچوں کے نتائج کی فکر ہے۔

پاکستانی ٹیم اس گروپ سے پہلے ہی میچ جیت چکی ہے اگر بھارت نے کامیابی حاصل کر لی تو دونوں ٹیمیں سپر فور میں کوالی فائی کرلیں گی۔

ہانگ کانگ کے انشومن راتھ نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم نے ہمیں آؤٹ کلاس کردیا لیکن اس میچ میں ایک دو اچھی کارکردگی تھیں،کوشش کریں گے کہ بھارت کے خلاف مزید بہتر کھیل پیش کریں۔

روہت شرما نے کہا کہ ورلڈ کپ سرپر ہے اس لئے ہمیں اپنی ٹیم کے کمبی نیشن پر توجہ دینا ہوگی اور انفرادی طور پر بھی اپنی کارکردگی پر توجہ دینا ہوگی۔ہمارے لئے سب ٹیمیں برابر ہیں ہمیں اپنی ٹیم کی فکر ہے حریف ٹیم کو ہرانا مشن ہے۔ہم ٹیم کی حیثیت سے اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ہمیں کنڈیشن کی نہیں میچوں کے نتائج کی فکر ہے۔اب گیم ٹائم شروع ہوچکا ہے اور اسی پر فوکس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس ایشیا کپ میں زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتے ہیں،ہم ایک دم سے فائنل کی نہیں ایک ایک میچ کی فکرکررہے ہیں۔

روہت نے کہا کہ رائیڈو اور کیدار بھی ٹیم کا حصہ ہیں،دونوں کا ٹیم میں آنا بہت اچھا ہے،رائیڈو آئی پی ایل میں اچھی کارکردگی دکھا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑی ایشیا کپ کے لئے تیار ہیں،پچ اتنی بری نہیں ہے ان پچوں پر اپنے آپ کو ایڈجیسٹ کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا فارمیٹ ایسا ہے کہ غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔