LIVE

بھارت: زہریلا کھانا کھانے سے 11 افراد ہلاک، درجنوں کی حالت غیر

ویب ڈیسک
December 15, 2018
 

زہریلا کھانا کھانے والے 93 افراد کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں 23 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی—۔فوٹو/ بشکریہ ہندوستان ٹائمز

کرناٹک: بھارتی ریاست کرناٹک کے ایک مندر میں زہریلا کھانا کھانے سے 11 افراد ہلاک اور درجنوں بیمار ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ریاست کرناٹک کے ضلع چماراج نگر میں نئے مندر کی تعمیر کے جشن کے دوران کھانا کھانے سے کئی لوگوں کی حالت غیر ہوگئی۔ 

تقریب میں شامل ایک شخص نے بتایا کہ انہیں چاولوں اور ٹماٹروں سے بنا کھانا پیش کیا گیا تھا، جس میں سے بُو آ رہی تھی اور جسے کھانے کے بعد لوگوں کو پیٹ میں درد اور قے شروع ہوگئی، جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔

حکام کے مطابق زہریلا کھانا کھانے والے 93 افراد کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں 23 افراد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد کھانے کے نمونوں کو کیمیائی تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا جبکہ 2 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔