LIVE

جنوبی افریقا کیخلاف منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، سرفرازاحمد

ویب ڈیسک
December 24, 2018
 

غیرملکی ٹیموں کو جنوبی افریقا میں کھیلنے میں دشواری پیش آتی ہے، کپتان قومی ٹیم — فوٹو:فائل 

سینچورین: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کیخلاف منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

سینچورین میں کپتان سرفراز احمد نے اظہر علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے جنوبی افریقا میں کوچنگ کی ہے لہٰذا انہیں تجربہ حاصل ہے اور پروٹیز کیخلاف منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سینچورین میں چوتھی اننگز کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے، سینچورین کی کنڈیشنز ہمارے ذہن میں ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ غیرملکی ٹیموں کو جنوبی افریقا میں کھیلنے میں دشواری پیش آتی ہے جو ٹیم ٹاس جیتتی ہے وہ پہلے بیٹنگ کرتی ہے اور 200 رنز کا تعاقب کرنا پڑ جائے تو چوتھی اننگز میں کوئی بیٹنگ نہیں کرنا چاہتا۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ورلڈ کلاس اسپنرز ہیں، یاسر شاہ کوالٹی لیگ اسپنر ہیں جب کہ جنوبی افریقا نے کافی عرصے سے اچھا لیگ اسپنر نہیں کھیلا لہٰذا ان کو یاسر شاہ کیخلاف مشکل پیش آئے گی۔

اظہر علی کا کہنا تھا کہ ٹیم کا مورال بہت اچھا ہے اور ہر کوئی پرفارم کرنے کیلئے بیتاب ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کیخلاف سیریز چیلنج ہے، ہر کوئی محنت کر رہا ہے اور ہر کھلاڑی چیلنج سے بھرپور سیریز میں ملنے والے موقع سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقا کیخلاف ماضی کی سیریز سے سیکھتے ہوئے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا جب کہ جنوبی افریقا میں پہلی مرتبہ کھیلنے والوں کو بتانے کی کوشش کررہے ہیں کہ کنڈیشنز سے کیسے ہم آہنگ ہونا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 دسمبر کو شروع ہوگا۔