LIVE

جامع مسجد سری نگر کی بے حرمتی کیخلاف مقبوضہ کشمیر میں یوم تقدس منایا گیا

ویب ڈیسک
January 04, 2019
 

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ وادی میں آج یومِ تقدّس منانے کا اعلان کیا تھا—۔فائل فوٹو

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے جامع مسجد سری نگر کی بے حرمتی کے خلاف آج یومِ تقدّس منایا گیا۔

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ وادی میں آج یومِ تقدّس منانے کا اعلان کیا تھا۔

یومِ تقدس بھارتی فورسز کی جامع مسجد سری نگر کی بے حرمتی کرنے کے خلاف منایا گیا اور جامع مسجد میں بڑا عوامی اجتماع ہوا جس میں کشمیری قیادت شریک تھی۔ 

جامع مسجد میں ہونے والے اجتماع میں ہزاروں کشمیریوں نے شرکت کی اور یوم تقدس منایا۔ 

مشترکہ مزاحمتی قیادت نے اعلان کیا کہ رواں تحریک آزادی کو کسی بھی قیمت پر ان قوتوں کو جو کشمیر کی تحریک آزادی کی ہیئت اور سمت کو تبدیل کرنا چاہتی ہے ہرگز ہائی جیک کرنے نہیں دیا جائے گا -

کشمیری قیادت نے واضح کیا کہ ہمارا واحد ایجنڈا مسئلہ کشمیر کا حق خوداردیت کی بنیاد پر ایک دائمی اور منصفانہ حل ہے۔

اس سے قبل بھارتی غاصب فورس نے کئی حریت رہنماؤں کو جامع مسجد جانے سے روکا۔ 

دوسری جانب بھارتی فورسز نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لیے ان کے دفتر سے گرفتار کرلیا۔

اس سے قبل اپنے ایک بیان میں یاسین ملک کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری عوام کے استحصال کا نوٹس لینا چاہیے۔

واضح رہے کہ گذشتہ جمعہ کو چند نقاب پوش افراد نے ہاتھوں میں داعش کے جھنڈے لہرائے تھے اور مسجد کے منبر پر چڑھ کر نعرے بازی کی تھی جس پر کشمیری قیادت نے  ”یوم تقدس“ منانے کا اعلان کیا تھا۔