LIVE

گجرانوالہ کے نوجوان کا پینسل کی نوک سے 50 رنگز کی چین بنانے کا عالمی ریکارڈ

رانا انصر
January 16, 2019
 

عبد البصیر نے پینسل کی نوک سے 50 رنگز کی چین 60 گھنٹوں میں تیار کی جس کے لیے انہوں نے روزانہ 15 روز تک 4 گھنٹے مسلسل کام کیا—. جیو نیوز/ اسکرین گریب

پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، جس کا ثبوت اکثر و بیشتر ہمیں ملتا رہتا ہے، گجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے عبد البصیر بھی ایسے ہی نوجوان ہیں، جنہوں نے پینسل کی نوک سے پچاس رنگز کی چین بنا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

 عبد البصیر نے پینسل کو تراش کر فنکاری کا آغاز دو سال قبل کیا تھا، اس کے بعد انہیں جو ڈیزائن پسند آتا، وہ زبردست مہارت سے اسے پینسل کے سکے پر بنا ڈالتے، جن میں مینارِ پاکستان، نشان حیدر، تاج محل، اٹلی کا پیسا ٹاور، لندن کا کلاک ٹاور اور برج خلیفہ وغیرہ شامل ہیں۔

پھر اسی مہارت کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے نیا کارنامہ انجام دیا اور پینسل کی نوک سے 50 رنگز کی چین (Keychain) بنا کر  گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنی جگہ بنالی۔

 عبد البصیر نے پینسل کو تراش کر متعدد دیدہ زیب فن پارے تیار کیے ہیں—.  جیو نیوز/ اسکرین گریب

انہوں نے یہ چین 60 گھنٹوں میں تیار کی جس کے لیے انہوں نے روزانہ 15 روز تک 4 گھنٹے کام کیا۔

 عبد البصیر کا کہنا ہے کہ انہیں  پینسل کی نوک سے پچاس رنگز کی چین بناتے ہوئے کافی ڈر تھا کہ کہیں سکا ٹوٹا ہوا نہ ہو یا پھر کام کرتے وقت ٹوٹ نہ جائے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ چین مکمل ہوگئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میری کامیابی اپنے فن سے محبت اور والدین کی دعاؤں کا نتیجہ ہے اور میں مزید ایسے ریکارڈز بنا کر آرٹ کی دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں۔

Your browser doesnt support HTML5 video.