LIVE

ہیرے نے سحر زدہ کیا بندے نے ہیرا انگوٹھی سمیت نگل لیا

ویب ڈیسک
January 28, 2019
 

آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے مسحور ہو کر ہیرا انگوٹھی سمیت نگل لیا۔فوٹو کریڈٹ؛ پکسابے

ہیروں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ خواتین کی کمزوری ہوتے ہیں لیکن مردوں پر بھی یہ اپنا سحر طاری کر دیتے ہیں یہ کم ہی سننے میں آتا ہوگا۔

آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ترکی میں جوہرات کے ایک اسٹور میں ہیرے کی مہنگی انگوٹھی نگل لی۔پکڑے جانے پر اس شخص نے بیان دیا کہ ایسا اس نے شعوری طور پر نہیں کیا بلکہ وہ سحر زدہ ہو گیا تھا۔

ایان کیمپ بال ترکی میں اپنی چھٹیاں گزارنے کے لیے موجود تھے۔ انھیں مقامی پولیس نے 40000 ڈالر مالیت کا ہیرا نگلنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس شخص نے چوری کرنے کے بعد چوری کے الزام سے بچنے کے لیے ہیرا نگل لیا۔

پولیس مشتبہ آدمی کو ہیرے کی بازیابی کے لیے اسپتال لے گئی جہاں 2.5 قیراط کا ہیرا قدرتی طریقے سے نکالنے کی کوشش کی گئی تاہم حجم میں بڑا ہونے کی وجہ سے ہیرا معدے سے آگے نہ بڑھ سکا۔ 36 گھنٹوں کے بعد مذکورہ شخص کی اجازت سے سرجری کر کے ہیرا نکال لیا گیا۔

54 سالہ ایان کے خلاف ترک حکام کی جانب سے مجرمانہ کوشش کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔مقامی میڈیا کے مطابق ایان نے نا قابل یقین بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہیرا دیکھتے ہی میں اپنا ہوش کھو بیٹھا تھا۔جوہری مجھے اس ہیرے کے بارے میں کچھ بتا رہا تھا لیکن مجھے کچھ سنائی نہیں دے رہا تھا۔

ہیرا نگلنے کے ملزم نے مزید بتایا کہ جب میں ہیرے کے سحر سے باہر آیا تو میں نے دیکھا کہ وہ ہیرا میں اپنی جیب میں چھپا چکا تھا۔ اضطراری طور پر میں نے وہ ہیرا نگل لیا کیونکہ جوہری نے اسے ڈھونڈنا شروع کر دیا تھا اور مجھے ڈر تھا کہ ہیرا میری جیب سے برآمد نہ ہوجائے۔