LIVE

اب سندھ حکومت اسلحہ لائسنس کی تجدید اور توسیع کی مجاز ہوگی،عدالت کا حکم

ویب ڈیسک
January 29, 2019
 

سندھ ہائیکورٹ نے حکم جاری کیا کہ صوبائی حکومت ممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کیلئے نئی پالیسی بنائے—۔فائل فوٹو

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے اسلحہ لائسنس کی تجدید اور توسیع کا اختیار صوبائی حکومت کو دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں خودکار اسلحہ لائسنس پر پابندی کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے خود کار اسلحہ لائسنس پر پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے اور نئے سندھ آرمز رولز بنائے جاچکے ہیں۔

جس پر عدالت عالیہ نے کہا کہ پاکستان آرمز آرڈیننس اور سندھ آرمز رولز کی روشنی میں نئی پالیسی بنائی جائے۔

جس پر ڈپٹی سیکریٹری داخلہ نے یقین دہانی کروائی کہ سندھ آرمز رولز کی روشنی میں نئی پالیسی بنائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ میں نادرا کی تصدیق کا کاؤنٹر قائم ہے۔

سماعت کے بعد عدالت عالیہ نے حکم جاری کیا کہ اب سندھ حکومت اسلحہ لائسنس کی تجدید اور توسیع کی مجاز ہوگی۔

ساتھ ہی عدالت نے سندھ حکومت کو ممنوعہ اور غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس کے لیے نئی پالیسی بنانے کا حکم بھی جاری کردیا۔