LIVE

واٹس ایپ پیغامات کی پرائیویسی کیلئے دو نئے فیچرز کا اضافہ

ویب ڈیسک
February 06, 2019
 

فی الوقت صرف آئی فون صارفین کو پیغامات خفیہ اور محفوظ رکھنے کے لیے فیس آئی ڈی اور ٹچ آئی ڈی فیچر کی سہولت مہیا کی گئی ہے—. فوٹو فائل

مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ میں پیغامات کو خفیہ اور محفوظ رکھنے کے لیے صارفین کو فیس آئی ڈی اور ٹچ آئی ڈی فیچر کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان دونوں فیچرز کی مدد سے صارف صرف خود ہی واٹس ایپ کے پیغامات دیکھ سکے گا اور اس کے علاوہ کوئی بھی اُس کے چیٹ باکس کو نہیں کھول سکے گا۔

فیس آئی ڈی فیچر کی مدد سے صارف اپنے چہرے کی شناخت کے ذریعے واٹس ایپ کو اَن لاک کرسکے گا جب کہ ٹچ آئی ڈی فیچر کی مدد سے وہ صرف اپنے فنگر پرنٹس کی مدد سے ہی چیٹ باکس تک رسائی حاصل کرسکے گا۔

یہ فیچرز فی الحال آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کروائے گئے ہیں یعنی آئی فون ایکس، آئی فون ایکس ایس، آئی فون ایکس ایس میکس اور آئی فون ایکس آر کے صارفین کے لیے فیس آئی ڈی دستیاب ہے جبکہ دیگر آئی فون ماڈلز ٹچ آئی ڈی سے مدد لے سکتے ہیں۔

 ان فیچرز کو استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ سیٹنگز میں جانا ہوگا، جس کے بعد اکاؤنٹ پر کلک کرنا ہوگا، پھر پرائیویسی کے آپشن میں دونوں فیچرز موجود ہوں گے جہاں اسکرین لاک کے آپشن کو فعال کرنا ہوگا۔

علاوہ ازیں صارف کو یہ آپشن بھی فراہم ہوگا کہ وہ کتنے دورانیے کا واٹس ایپ لاک لگانا چاہتا ہے، جیسے 10 سیکنڈ، ایک منٹ یا 1 گھنٹہ۔

فی الحال یہ دونوں فیچرز صرف آئی فون صارفین استعمال کرسکیں گے، تاہم ممکن ہے کہ جلد ہی اسے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بھی متعارف کروا دیا جائے گا۔