LIVE

فواد چوہدری دوسروں کی فکر چھوڑیں اپنی نوکری کی حفاظت کریں: ترجمان ن لیگ

ویب ڈیسک
March 11, 2019
 

بلاول کی نواز شریف سے ملاقات کے بعد حکومت بالخصوص عمران نیازی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں: مریم۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری دوسروں کی فکر چھوڑیں اپنے اختیارات کی حفاظت کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے آج لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی تھی۔

فواد چوہدری نے بلاول کی نواز شریف سے ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھٹو کے نواسے کی ضیاء کے منہ بولے بیٹے سے ری یونین صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے بے اعتبارے وزیر اطلاعات کو یہ بیان زیب نہیں دیتا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فواد چوہدری صاحب اپنی نوکری بچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں، لیکن ایسے بیانات بھی آپ کی نوکری نہیں بچا سکتے- آپ کا نمبر آنے والا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کا بیان فطری عمل ہے، 4 سالہ سیاسی کیرئیر میں 4 جماعتیں بدلنے والا دوسروں پر تنقید ہی کر سکتا ہے، فواد چوہدری صاحب اپنی نوکری بچائیں یا اپنی اگلی جماعت کا انتخاب کر لیں۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ بلاول کی نواز شریف سے ملاقات کے بعد حکومت بالخصوص عمران نیازی بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ افسوس وزیراعظم اور ایک درجن ترجمانوں کے پاس بات کرنےکو صرف اور صرف نواز شریف اور بس نواز شریف ہی ہے۔