LIVE

واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس بند کیوں ہو رہے ہیں؟

ویب ڈیسک
March 14, 2019
 

فیس بک کی ایپ واٹس ایپ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنی ایپ کے تھرڈ پارٹی ورژن استعمال کرنے والے کئی صارفین کے اکاؤنٹس عارضی طور پر معطل کر دیے۔

اینڈرائیڈ اور ایپل آئی او ایس پر واٹس ایپ پلس اور جی بی واٹس ایپ جیسی ایپس دستیاب تھیں جنہیں تھرڈ پارٹیز نے بنایا ہے اور ان میں کئی پرکشش تبدیلیاں کر رکھی ہیں۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ وہ ان تھرڈ پارٹی ایپس کی سیکیورٹی کی تصدیق نہیں کر سکتی ہے اور یہ ایپس اس کے سیکیورٹی معیار پر پورا نہیں اترتی ہیں۔

واٹس ایپ نے ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اگر آپ کو واٹس ایپ استعمال کرتے ہوئے ایسا پیغام ملا ہے جس میں کہا گیا ہو کہ آپ کا کاؤنٹ عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے تو یقیناً آپ کے زیر استعمال واٹس ایپ کا ورژن بھی درست نہیں ہے۔

واٹس ایپ کے مطابق ایسے اکاؤنٹس سے مستقل بنیادوں پر بند نہیں کیا گیا ہے تاہم صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسی صورت میں اپنی چیٹ کا بیک اپ ضرور بنا لیں اور ایپ کا درست ورژن ڈاؤن لوڈ کرکے سروس استعمال کریں۔