LIVE

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد کے لاک ڈاؤن کی دھمکی دے دی

ویب ڈیسک
March 19, 2019
 

اسلام آباد لاک ڈاون کی تاریخ حکومت نہیں ایم ایم اے طے کرے گی، مولا فضل الرحمان کی میڈیا سے گفتگو — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی دارالحکومت کے لاک ڈاؤن کی دھمکی دے دی۔

اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کے سربراہی اجلاس کے بعد دیگر قائدین کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارا متفقہ مؤقف ہے کہ پاکستان کی نظریاتی شناخت کیلئے قومی سفر جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور آئین کی اسلامی دفعات کا تحفظ کیا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت متحدہ مجلس عمل کا اجلاس — فوٹو: جمعیت علمائے اسلام فیس بک پیج

ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ملین مارچ جاری رکھے جائیں گے اور دینی مدراس پر کنٹرول حاصل کرنے کی مزاحمت کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلام آباد لاک ڈاون کی تاریخ حکومت نہیں ایم ایم اے طے کرے گی اور لاک ڈاؤن کی تاریخ کا تعین جماعت اسلامی کرے گی۔