LIVE

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس فرخ عرفان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

عبدالقیوم صدیقی
April 09, 2019
 

جسٹس فرخ عرفان کا نام بھی پاناما لیکس میں شامل تھا اور ان کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس زیر سماعت ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس فرخ عرفان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

جسٹس فرخ عرفان کے قریبی ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو بھجوا دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جسٹس فرخ عرفان کے استعفے سے سپریم جوڈیشل کونسل کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔

جسٹس فرخ عرفان 20 فروری 2010 کو لاہور ہائیکورٹ میں بطور ایڈیشنل جج تعینات ہوئے اور ان کی مدت ملازمت 22 جون 2020 کو مکمل ہونا تھی۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان کا نام بھی پاناما لیکس میں آف شور کمپنیاں بنانے والوں کی فہرست میں شامل تھا، جسٹس فرخ عرفان کے خلاف ریفرنس سپریم جوڈیشل کونسل میں بھی زیر سماعت ہے۔