LIVE

لگتا ہے جیل سے نکلتے ہی میاں صاحب کا انجائنا کا درد بھی ختم ہو گیا: فواد چوہدری

ویب ڈیسک
April 11, 2019
 

قوم اور قانون اپوزیشن لیڈر کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں: فواد چوہدری۔ فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لگتا ہے کہ جیل سے نکلتے ہی بڑے میاں صاحب کا انجائنا کا درد بھی ختم ہو گیا ہے۔

فواد چوہدری نے ایک بار پھر مسلم لیگ ن کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اقتدار سے محرومی کا انجانا درد ہے، کرپشن کے نشے کے عادی مریض اقتدار سے باہر ہوں تو ان کا بدن ٹوٹنے لگتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قوم اور قانون اپوزیشن لیڈر کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں، دعا ہے وہ لندن میں بیمار نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کے افراد جیل جاتے ہی بیمار اور باہر آتے ہی لندن روانہ ہو جاتے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ عام قیدی کو ایک سے دوسری بیرک جانے کی اجازت نہیں اور یہ لندن کی سیریں کر رہے ہیں، عام قیدی سوچتے ہیں کہ اگر وہ بھی اپوزیشن لیڈر ہوتے تو جیل میں نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کی سیاست پاکستان میں لیکن اولاد اور مال باہر پڑے ہیں۔