LIVE

لاہور: جی پی او چوک پر پولیس اور وکلا کے درمیان تصادم کا مقدمہ درج

میاں عابد
May 09, 2024
 

مقدمے میں سڑکوں کی بندش، تشدد اور کارسرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں: پولیس حکام— فوٹو: اسکرین گریب

لاہور کے جی پی اور چوک پر پولیس اور وکلا کے درمیان تصادم کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق پولیس اور وکلا کے درمیان تصادم کا مقدمہ تھانا پرانی انارکلی میں انسپکٹر جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں سڑکوں کی بندش، تشدد اور کارسرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق وکلا کی بڑی تعداد پولیس پر حملہ آور ہوئی، وکلا کے حملے میں ایس ایچ او نیو انارکلی، ایس ایچ او اچھرہ سمیت 5 اہلکار زخمی ہوئے۔

واضح رہے کہ لاہور کے جی پی او چوک پر سول عدالتوں کی منتقلی اور وکلا پر دہشتگری کے مقدمات کے خلاف وکلا کے احتجاج  کے دوران  وکلا نے رکاوٹیں ہٹا کر ہائیکورٹ کے اندر جانے کی کوشش کی۔

 پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے وکلا کو ہائی کورٹ میں داخل ہونے سے روکنے اور مظاہرین کے ہجوم کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، پولیس نے وکلا مظاہرین کےخلاف واٹرکینن کا استعمال بھی کیا۔

پولیس کی جانب سے وکلا کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی، 50 سے زائد وکلا کو حراست میں لیا گیا جبکہ جھڑپوں میں 2 ایس ایچ اوز سمیت 5 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے۔