LIVE

ایک نہیں 10 کمیشن بنائیں ہمارے پاس ایک ایک روپے کا حساب ہے: مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک
June 12, 2019
 

وزیراعظم اپوزیشن کو نہ دھمکائیں، مولا بجٹ بننے کی کوشش نہ کریں اور کنٹینر سے اتریں، ترجمان (ن) لیگ۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کی تجویز کو اپوزیشن کو دھمکانے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ ایک نہیں دس انکوائری کمیشن بنائیں ہمارے پاس ایک ایک روپے کا حساب ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اعلیٰ اختیاراتی کمیشن بنا کر عمران خان کا دماغی معائنہ بھی کیا جائے، وزیراعظم اپنی تقریر میں انتہائی نروس نظر آئے اور آئی ایم ایف سے معاہدے سے نظر ہٹانے کے لیے کنٹینر والی گفتگو کی گئی۔

ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ اس پر بھی کمیشن بنایا جائے کہ عوام نے اس نالائق حکومت کو ٹیکس دینا بند کیا، یہ اپوزیشن کو نہ دھمکائیں، مولا بجٹ بننے کی کوشش نہ کریں اور کنٹینر سے اتریں، آئی ایم ایف سے ڈیل اور عوام دشمن بجٹ کا انہیں جواب دینا پڑے گا۔ 

مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کی اپوزیشن جیل جانے سے ڈرنے والی نہیں، دھمکیوں سے کچھ نہیں ہوگا، ہم نے قرضے لیے تو گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں داخل کی، موٹروے اور سڑکوں کا جال بچھایا، ایک نہیں دس انکوائری کمیشن بنائیں ہمارے پاس ایک ایک روپے کا حساب ہے۔