LIVE

سام سنگ کا آئندہ ماہ گلیکسی نوٹ 10 کیساتھ اسمارٹ واچ متعارف کرنے کا اعلان

ویب ڈیسک
July 31, 2019
 

سام سنگ نیویارک میں منعقد لانچنگ تقریب میں گلیکسی نوٹ 10 کے ساتھ گلیکسی واچ ایکٹو 2 بھی لانچ کرے گی— فوٹو میش ایبل

جنوبی کوریا کی نامور کمپنی سام سنگ نے آئندہ ماہ اپنے نئے فون گلیکسی نوٹ 10 کے ساتھ اسمارٹ واچ بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ میش ایبل کے مطابق آئندہ ماہ 7 اگست کو سام سنگ نیویارک میں منعقد لانچنگ تقریب میں گلیکسی نوٹ 10 کے ساتھ گلیکسی واچ ایکٹو 2 بھی متعارف کرائے گی۔

گلیکسی واچ ایکٹو 2 کا ڈسپلے بھی ماضی میں متعارف کردہ گلیکسی ایکٹو واچ کی طرح سرکولر یعنی گھومنے والا ہو گا جس کے ساتھ سام سنگ کا سگنیچر آپریٹنگ سسٹم ٹائزین ڈیزائن ہو گا۔

فیڈرل کمیونیکیشن کمیشن (ایف سی سی) کے مطابق گلیکسی واچ ایکٹو 2 میں 4 جی بی اسٹوریج، جی پی ایس اور 5 اے ٹی ایم واٹر ریزسٹنس سمیت کئی خصوصیات مہیا ہوں گی۔

اس کے علاوہ اس کی اسکرین گوریلا گلاس ڈی ایکس سے بنائی گئی ہے تاکہ اگر گھڑی گر بھی جائے تو اسکریچز یعنی دراڑ پڑنے یا ٹوٹنے سے محفوط رہے۔

گلیکسی واچ ایکٹو 2 میں ایپل واچ کی طرح ہیلتھ فیچرز بھی فراہم کیے گئے ہیں جب کہ اس کی قیمت ایپل واچ سیریز 4 کے مقابلے میں کم بتائی جا رہی ہے۔