LIVE

بھارت کی سیزفائرمعاہدے کی خلاف ورزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے: پاکستان

ویب ڈیسک
August 16, 2019
 

بھارت کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر ھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا — فوٹو فائل

اسلام آباد: پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

دفترخارجہ کے مطابق بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہو چکے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جہاں ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ تھمایا۔

اس موقع پر دفتر خارجہ نے ایل او سی پر بھارتی افواج کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا بھارت جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے۔

دفترخارجہ کے مطابق جنگ بندی معاہدے کی بھارتی خلاف ورزی خطے میں امن اور سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے لہذا معاہدے کی خلاف ورزی اسٹریٹجک غلطی کا باعث بن سکتی ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج 2003 سے ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پرجنگ بندی کی خلاف ورزی کررہی ہے تاہم بھارت اپنی افواج کو ہدایت کرے کہ وہ جنگ بندی معاہدے پرعمل کریں، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر امن بحال رکھے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بھی ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کیا گیا تھا۔