LIVE

مودی کے جنرل اسمبلی خطاب کے موقع پر نیویارک میں تاریخی کشمیر ریلی نکالی جائے گی

ویب ڈیسک
August 26, 2019
 

وزیراعظم عمران خان خود بھی 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، نعیم الحق— فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق کا کہنا ہے کہ 26 ستمبر کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر نیویارک میں تاریخی کشمیر ریلی نکالی جائے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا کشمیر کے معاملے پر قوم سے خطاب شاندار تھا۔

انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر کو جب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کررہے ہوں گے اس وقت نیویارک میں تاریخی کشمیر ریلی نکالی جائے گی۔


نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود بھی 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کے معاملے پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 27 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں پوری طرح کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے اور وہاں دنیا کی قیادت سے مل کر اس مسئلے پر بات کریں گے۔