LIVE

پاک سری لنکا سیریز: میچ آفیشلز کی تقرری کیلئے آئی سی سی خود سیکیورٹی کا جائزہ لے گا

سہیل عمران
September 14, 2019
 

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی آفیشلز بھیجنے کا فیصلہ کرے گا— فوٹو: فائل

پاک سری لنکا کرکٹ سیریز کیلئے میچ آفیشلز کی تقرری سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) خود سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئںٹی میچز کی سیریز کراچی اور لاہور میں کھیلی جانی ہے۔

پہلے مرحلے میں ون ڈے سیریز کا آغاز 27 ستمبرسے کراچی میں ہو گا۔ سیریز کیلئے آئی سی سی نے میچ آفیشلز کا تقرر کرنا ہے لیکن آئی سی سی اپنے آفیشلز کی سیکیورٹی کیلئے خود جائزہ لے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی آفیشلز بھیجنے کا فیصلہ کرے گا۔

2015 میں زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں پاکستانی و زمبابوین آفیشلز نے میچ سپروائز کیے اور آئی سی سی نے تیسرے ممالک کے ریفریز یا امپائرز نہیں بھیجے تھے۔

آئی سی سی نے خصوصی طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو میچ آفیشلز کا تقرر کرنے کی اجازت دی تھی، آئی سی سی نے سیکیورٹی وجوہات پر آفیشلز تعینات نہیں کیے تھے۔

2017 میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کیلئے ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن میچ ریفری تعینات کیے گیے تھے۔