LIVE

وفاقی حکومت نے ڈی جی ایف آئی اے کو جبری رخصت پر بھیج دیا

طلحہ ہاشمی
September 27, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


وفاقی وزارت داخلہ  نے  وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن کو جبری رخصت پر بھیج دیا اور ان کی جگہ ڈاکٹر مجیب الرحمان خان کو قائم مقام ڈی جی  کا چارج دے دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ ہائی پروفائل کیسز میں ایف آئی اےکی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھی اور حکومت کو حال ہی میں بشیر میمن کی براہ راست نگرانی میں ہونے والی تفتیش پر تحفظات تھے۔

 ڈی جی ایف آئی اے اچانک 15 دن کی رخصت پر چلے گئے، ان کی جگہ پولیس گروپ گریڈ 21 کے افسر ڈاکٹر مجیب الرحمان خان کو قائم مقام ڈی جی ایف آئی اے کا چارج دیا گیا ہے۔

ذرائع یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ بشیر میمن کو جبری رخصت پر بھیجا گیا ہے جب کہ وزیر اعظم عمران خان کی واپسی پر نئے ڈی جی ایف آئی اے کی تعیناتی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

اس سلسلے میں جیو نیوز نے بشیر میمن سے رابطے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔

ایک روز قبل ڈی جی ایف آئی اے کے انتہائی قریبی سمجھے جانے والے ایڈیشنل ڈائریکٹر علی شیر جکھرانی کو بھی ایف آئی اے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرا دی گئی ہے۔