منی لانڈرنگ کیس: فائدہ اٹھانے والوں میں بیوروکریٹس، سابق وزرا سمیت 400 افراد شامل

ایف آئی اے حکام نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر تصدیق کی: فوٹو/ فائل

کراچی: منی لانڈرنگ کیس سے متعلق ایف آئی اے حکام نے تصدیق کی ہےکہ رقم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 400 کے لگ بھگ ہے جن میں سینئر بیوروکریٹس اور سابق وزراء بھی شامل ہیں۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) جعلی بینک اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کررہی ہے جس سلسلے میں بیان ریکارڈ کرانے کےلیے آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کل ایف آئی اے ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں پیش ہوئے جہاں ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔

ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے جس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔

جیونیوز کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایف آئی اے حکام نے تصدیق کی ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں رقم سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 400 کے لگ بھگ ہے، ان افراد میں سیاستدان اور بیوروکریٹس سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہےکہ  منی لانڈرنگ کیس کے پہلے مرحلے میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات جاری ہیں جب کہ دوسرے مرحلے میں 400 افراد کو شامل تفتیش کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کے پیسوں سے فائدہ اٹھانے والوں کی فہرست ایف آئی اے تیار کر رکھی ہے، ان افراد میں سندھ کے سابق وزراء شامل بھی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں مختلف سینئر بیوروکریٹس کی فہرستیں بھی تیار ہیں جن میں سے کچھ بیوروکریٹس انتقال کرچکے ہیں۔

واضح رہےکہ منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی، اومنی گروپ کے انور مجید اور عبدالغنی مجید کو ایف آئی اے گرفتار کرچکی ہے جب کہ گزشتہ دنوں ایف آئی اے نے انور مجید کی شوگر ملوں پر چھاپے بھی مارے جہاں سے اہم ریکارڈ قبضے میں لیا گیا۔


مزید خبریں :