LIVE

نیویارک کے نجی سوشل کلب میں فائرنگ، 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی

ویب ڈیسک
October 12, 2019
 

اس واقعے کے حوالے سے اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور پولیس واقعے میں مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے— فوٹو: فائل

امریکی شہر نیویارک میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق نیویارک سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ بروکلن میں ایک عمارت کے اندر صبح 7 بجے کے قریب پیش آیا۔

پولیس کے مطابق واقعے میں نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ کو صبح سات بجے کے قریب عمارت میں فائرنگ کی اطلاع ملی، پولیس جب جائے وقوع پہنچی تو وہاں افراد کی لاشیں ملی جبکہ ایک خاتون اور دو مرد زخمی حالت میں پائے گئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جس عمارت میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا اس کا پتہ 74 یوٹیکا اوینیو ہے اور آن لائن نقشے میں اس عمارت میں نجی سوشل کلب دکھایا جارہا ہے تاہم پولیس نے اب تک یہ واضح طور پر نہیں بتایا کہ یہ عمارت کس مقصد کیلئے استعمال ہورہی تھی۔

اس واقعے کے حوالے سے اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور پولیس واقعے میں مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کررہی ہے۔