LIVE

’پاک بھارت سیریز کیوں نہیں ہورہی مودی اور عمران خان سے پوچھا جائے‘

ویب ڈیسک
October 17, 2019
 

پاکستان اور بھارت کے شائقین چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز ہو لیکن سیریز دونوں حکومتوں کی اجازت سے مشروط ہے، گنگولی— فوٹو: فائل

بھارت کے سابق کپتان سارو گنگولی کا کہنا ہے پاک بھارت سیریز کیوں نہیں ہورہی یہ سوال بھارتی وزیراعظم مودی اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے پوچھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دو طرفہ سیریز کیلئے دونوں ممالک کے سربراہان کی اجازت درکار ہے۔

سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی رواں ماہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالیں گے۔

حالیہ انٹرویو میں ساروو گنگولی سے پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے سوال کیا گیا تو گنگولی نے کہا کہ سیریز کیوں نہیں ہورہی اس کا جواب تو نریندی مودی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے شائقین چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز ہو لیکن سیریز دونوں حکومتوں کی اجازت سے مشروط ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری بار دو طرفہ سیریز 2012 میں ہوئی تھی جب بھارت نے پاکستان کے خلاف تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی سیریز کی میزبانی کی تھی۔