LIVE

بجلی مزید 2 روپے 97 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تیاری

سیف الرحمان
October 22, 2019
 

سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی نے نیپرا کو فی یونٹ بجلی 2 روپے 97 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی— فوٹو فائل

اسلام آباد: سینٹرل پاور پرچیزنگ کمپنی نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو فی یونٹ بجلی 2 روپے 97 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

ذرائع نیپرا کے مطابق  بجلی مہنگی کرنےکی درخواست ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے۔

سینٹرل پاور  پرچیزنگ کمپنی کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ستمبر میں 13 ارب 62 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی جس کی وجہ سے بجلی پیداوار پر لاگت 70 ارب روپے سے زائد رہی۔

ذرائع کے مطابق نیپرا 20 اکتوبر کو درخواست کی سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 8 اکتوبر کو نیپرا نے جولائی کے مہینے کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپیہ 78 پیسے اضافہ کیا تھا اور مزید اضافے سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ جائے گا۔